پاکستان

اسلام آباد: وزیر اعظم کا 'بلیو ایریا میں منصوبے' کے مقام کا دورہ

منصوبے سے ناصرف ملازمتیں ملیں گی بلکہ منصوبہ سرمایہ کاری کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کی توجہ بھی حاصل کرے گا، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں مجوزہ اربوں روپے مالیت کا بلیو ایریا منصوبے کے مقام کا دورہ کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایف نائن پارک اسلام آباد کے بالمقابل مجوزہ بلیو ایریا کے مقام کا دورہ کیا۔

مزیدپڑھیں: وزیر اعظم نے پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اس موقع پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ ہونے والی کمرشل نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم وفاقی دارالحکومت کی بہتری، شہریوں کے فلاح اور ماحول کی بہتری کے لیے خرچ کی جائے گی۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ منصوبے سے ناصرف ملازمتیں ملیں گی بلکہ منصوبہ سرمایہ کاری کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کی توجہ بھی حاصل کرے گا۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 'اسی طرح ایک میگا پراجیکٹ لاہور اور کراچی میں بھی جلد شروع ہوگا'۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ کمرشل نیلامی سے حاصل رقم کا کچھ حصہ کم لاگت کے مکانات خصوصاً نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے منظور شدہ کچی آبادیوں کے مکینوں کو باوقار رہائش کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 11 جولائی 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے‘ کے تحت اسلام آباد میں 18 ہزار 500 مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کردیا

سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ تنخواہ دار متوسط طبقہ بینکوں سے قرض لے کر اپنے مکانات بنا سکے گا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں غریب انسان اپنا گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتا، تاہم منصوبے کے تحت مکانات کی قیمت عام آدمی کی پہنچ میں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔

وزیر اعظم نے عندیہ دیا تھا کہ 18 ہزار 500 میں سے 10 ہزار مکانات غریبوں کے لیے مختص ہوں گے۔

کچی آبادیوں سے متعلق انہوں نے کہا تھا کہ کچی آبادیوں کے مکینوں کے لیے بھی اسکیم شروع کر رہے ہیں اور اسکیم کا آغاز اسلام آباد کی 2 کچی آبادیوں سے کیا جائے گا۔