دنیا

کورونا وائرس: چین کے بعد جنوبی کوریا، ایران سب سے زیادہ متاثر

میکسیکو میں بھی کیسز کی تصدیق، ایران میں ہلاکتیں 43 ہوگئی، جنوبی کوریا میں متاثرہ کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

چین سے شروع ہونے والے نوول کورونا وائرس نے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی متاثر کردیا ہے اور جنوبی کوریا میں اس سے متاثرہ افراد کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور عالمی ادارہ صحت نے اس کے خطرے کو اعلیٰ سطح تک بڑھادیا ہے جبکہ امریکا میں ممکنہ وبا کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا، چین سے باہر وائرس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے اور 594 نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں اور انعام پائیں

ادھر ایشائی خطے میں ہی واقعے ایک ملک تائیوان میں بھی کورونا کے 5 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی۔

5 نئے کیسز کے بارے میں بتایا گیا کہ ان میں سے 4 کیسز کورونا سے متاثرہ ایک فرد کی وجہ سے سامنے آئے جبکہ پانچواں فرد حال ہی میں مشرق وسطیٰ سے واپس آیا تھا۔

اس حوالے سے حکومت کے سینٹرل ایپیڈیمک کمانڈ سینٹر کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ایک کلینر اور 3 نرسوں سمیت 4 اسٹاف ممبر متاثر ہوئے جو کورونا وائرس متاثرہ فرد کا علاج کر رہے تھے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے 28 جنوری سے اب تک مجموعی طور پر 21 کوروناوائرس کیسز کی تصدیق کردی۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیرصحت عبدالرحمٰن بن محمد الاویس نے ابو ظہبی میں نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے دو سائیکلسٹ کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اطالوی سائیکلسٹ سے منسلک 612 افراد کا بھی جائزہ لیا جارہا، 450 افراد لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار پائے ہیں تاہم بقیہ 162 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج بھی جلد ہی آئیں گے’۔

عبدالرحمٰن بن محمد الاویس نے کہا کہ مزید دو متاثرین کے سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

ادھر چین کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ اموات کا سامنا کرنے والے ملک ایران میں بھی نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔

خبر رساں اداروں نے رپورٹ کیا کہ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 43 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 593 ہے۔

وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 9 افراد ہلاک ہوئے۔

ادھر ایشیا کے باہر میکسیکو میں بھی کورونا وائرس کے 3 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ میکسیکو کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہ لاطینی امریکا کا دوسرا ملک بن گیا جو اس وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

جن تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اس میں دو میکسیکو سٹی جبکہ ایک شمالی ریاست سینالوا میں ہیں اور یہ مانا جارہا ہے کہ ان لوگوں نے شمالی اٹلی کا دورہ کیا تھا جو اس وقت یورپ میں کورونا سے متاثرہ مرکز ہے۔

میکسیکو کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایپی ڈیمیولوجی جوس لیوئس الومنا کا کہنا تھا کہ 'ممکنہ طور پر تینوں افراد ایک ہی ذرائع سے متاثر ہوئے (کیونکہ) یہ تینوں بیرون ملک سے آئے کیسز ہیں'۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس سے متعلق ممالک کے حساب سے تفصیلات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 85 ہزار 400 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 933 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا گرم موسم نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک دے گا؟

ان اموات میں چین میں سب سے زیادہ 2 ہزار 727 افراد ہلاک ہوئے جبکہ وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 251 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا میں 3 ہزار ایک سو 50 ہے۔

تاہم وہاں اموات کی شرح کم ہے اور دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی جو 43 تھی جبکہ اٹلی میں اس وائرس سے 21 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

جہاں اس وائرس سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر اور ہلاک ہوئے وہی اس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔

اسی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 39 ہزار 597 افراد اس وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اداکارہ سعدیہ غفار کی مہندی اور ڈھولکی کی تصاویر وائرل

امریکا، طالبان امن مذاکرات، کب کیا ہوا؟

وزیر ریلوے نے روہڑی حادثے کی ذمہ داری بس ڈرائیور پر ڈال دی