پاکستان

جسٹس محمد قاسم خان کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا گیا

لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد قاسم خان 19 مارچ کو حلف اٹھائیں گے، وہ 5 جولائی 2021 تک عہدے پر فائز رہیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس محمد قاسم خان کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا۔

وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ‘صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 193 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد قاسم خان کو عدالت عالیہ کا چیف جسٹس مقرر کردیا ہے’۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ‘جسٹس قاسم خان 19 مارچ 2020 کو اپنا منصب سنبھال لیں گے’۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس مامون رشید نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

جسٹس قاسم خان 19 فروری 2010 کو لاہور ہائی کورٹ میں جج تعینات ہوئے تھے اور 5 جولائی 2021 کو ریٹائر ہو گے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مامون الرشید 18 مارچ کو اپنی مدت مکمل کرکے ریٹائر ہوجائیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں رواں ماہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جسٹس قاسم خان کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا جائے گا۔

جسٹس مامون الرشید کو 31 دسمبر 2019 کو سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بنایا گیا تھا اور انہوں نے یکم جنوری کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں حلف اٹھایا تھا۔

تقریب حلف برداری میں لاہور ہائی کورٹ کے ججوں اور افسران، صوبائی وزرا، اٹارنی جنرل آف پاکستان، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس شعیب دستگیر، چیف سیکریٹری پنجاب، وفاقی و صوبائی لا افسران بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج سمیت 3 ججز نے حلف اٹھا لیا

ان کے علاوہ تقریب میں پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل کے اراکین، لاہور ہائی کورٹ اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور وکلا بھی شریک ہوئے۔

بعد ازاں جسٹس مامون رشید کا ہائی کورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا، چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

وفاقی حکومت کے اشتہارات روکنے کےخلاف ڈان کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

اسکاٹ لینڈ خواتین کو حیض میں استعمال کی اشیا مفت دینے والا پہلا ملک

کراچی کنگز کو 52رنز سے شکست، ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست