نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے بارے میں اب تک معلوم ہوچکا ہے کہ 80 فیصد کیسز میں اس کی علامات معتدل ہوتی ہیں اور 98 فیصد مریضوں کی صحت یابی کا امکان ہوتا ہے۔
تاہم اب تک طبی ماہرین یہ بات مکمل یقین سے کہنے سے قاصر ہیں کہ یہ وائرس انسانوں میں کس طرح منتقل ہوتا ہے، یہ تو معلوم ہے کہ بیمار فرد کے کھانسنے یا چھینکنے سے خارج ہونے والے ننھے ذرات صحت مند افراد میں داخل ہوکر انہیں بیمار کرسکتے ہیں، جبکہ یہ پہلے ممکنہ طور پر چمگادڑ سے کسی ممالیہ جانور (پینگولین کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے) سے انسانوں میں منتقل ہوا اور پھر ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا رہا۔