پی ایس ایل 5: ترانے کے تنازع پر پی سی بی اور علی ظفر سے جواب طلب
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے آفیشل ترانے پر ہونے والا تنازع اب عدالت میں پہنچ گیا ہے اور لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور گلوکار علی ظفر سے جواب طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت ملک میں پاکستان سپر لیگ کا پانچواں سیزن جاری ہے اور لیگ کے تمام میچز پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر منعقد ہونے کے سبب شائقین کی بڑی تعداد لیگ کے میچز کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے۔
تاہم رواں سال اس لیگ کے آفیشل ترانے کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا اور عوام کی بڑی تعداد نے اس پر تنقید کرتے ہوئے گانے کو نہ پسند کیا اور علی ظفر کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5 کا ترانہ 'تیار ہیں' شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سیزن 1، 2 اور تھری کے آفیشل ترانے گلوکار علی ظفر نے گائے تھے خصوصاً لیگ کے دوسرے سیزن کے گانے 'اب کھیل جمے گا' کو بہت زیادہ پذیرائی ملی تھی اور شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ اسی گانے کو پسند کیا گیا تھا۔
تاہم گزشتہ سیزن میں اداکار فواد خان نے پی ایس ایل کا آفیشل ترانا گایا تھا جس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا تھا۔
جس کے بعد رواں سیزن میں پی ایس ایل کے گانے کو ایک بالکل مختلف انداز میں پیش کیا اور پاکستان کے 4 مشہور گلوکار علی عظمت، ہارون راشد، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے اس میں اپنی آواز کا جادو دکھا اور ترانے کو 'تیار ہیں' کا عنوان دیا گیا۔
تاہم اس گانے کے سامنے آنے پر یہ شائقین کی بڑی تعداد کو متاثر کرنے میں ناکام رہا اور لوگوں نے علی ظفر سے مطالبہ کیا کہ وہ پی ایس ایل کے لیے کوئی دوسرا ترانہ گائیں۔