کھیل

پاکستان سپر لیگ کی راولپنڈی آمد، آج گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ مدمقابل

آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے میچ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان سپر لیگ میں لیگ کی دو بہترین ٹیمیں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی آج ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جس کے ساتھ ہی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے میچ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں ملتان سلطانز کی ٹیم سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کی خاص بات یہ ہے کہ یہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے ساتھ ہی لیگ کی پہلی مرتبہ راولپنڈی آمد ہوئی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم رواں سال پاکستان سپر لیگ کے 8میچوں کی میزبانی کرے گا۔

یہ دونوں ٹیمیں رواں سال لیگ کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں جہاں فتح نے گلیڈی ایٹرز کے قدم چومے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں 10بار مدمقابل آئیں، 6میں گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے جبکہ چار میچز میں یونائیٹڈ کو فتح نصیب ہوئی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 6وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے شروع ہو گا۔