سَیر، سیر اور سِیر کا فرق جان کر جئیں!
’کوہِ طور‘ غالب نے استعمال کیا ہے اس لیے کیا کہا جائے، ورنہ ’طور‘ کا مطلب ہی کوہ یا پہاڑ ہے۔
ایک قاری نے استفسار کیا ہے کہ پچھلے شمارے میں لاش اور نعش کا فرق تو سمجھ میں آگیا، لیکن یہ ’بنات النعش‘ کیا ہے؟ بنات تو لڑکیوں کو کہتے ہیں، تو پھر نعش کی لڑکیاں کہاں سے آگئیں؟ انہوں نے غالب کا یہ شعر بھی پیش کردیا کہ
تھیں بنات النعش گردوں دن کو پردے میں نہاں
شب کو ان کے جی میں کیا آئی کہ عریاں ہوگئیں
موصوف کے خیال میں یہ اگر بنات یا بیٹیاں ہیں تو خواہ کسی کی ہوں، غالب کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ان کے لیے عریاں کا لفظ استعمال کرتے، گوکہ انہوں نے ان بنات کو رات کے وقت عریاں کیا ہے۔
ان کے اعتراضات بجا ہیں لیکن غالب سے کون پوچھے! پچھلے دنوں 15 فروری کو ان کا یومِ وفات منایا گیا ہے۔ وہ 1869ء میں اس وقت نکل لیے تھے جب کسی نے پوچھ لیا کہ غالب کون ہے (پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہے)۔ عنایت علی خان نے غالب کے حروف کی ترتیب بدل کر اسے بالغ کردیا۔