ڈونلڈ ٹرمپ یا 'باہوبلی'؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے 2 روزہ دورے پر ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے اس دورے کا کافی چرچا بھی ہورہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے بعد کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرکے اپنے جوش کا مظاہرہ کررہے جبکہ کچھ اس حوالے سے میمز بھی بنارہے ہیں۔
لیکن اگر ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ پر بھی نظر ڈالی جائے تو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ صرف بھارتی عوام ہی پرجوش نہیں بلکہ صدر ٹرمپ خود بھی خاصے پرجوش ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دورہ بھارت
اسی حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر نے ایک ویڈیو بھی ری ٹوئٹ کی جس میں وہ 2015 اور 2017 میں سامنے آئی کامیاب بھارتی فلم 'باہوبلی' کے کردار میں نظر آئے۔
اس ویڈیو میں صارف نے باہوبلی کے چہرے کی جگہ ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ پیسٹ کیا جبکہ ویڈیو میں ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی نظر آئیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود بھی اس ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا جبکہ لکھا کہ 'ہندوستان میں اپنے بہترین دوستوں سے ملاقات کا انتظار ہے'۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ 24 فروری کو بھارت پہنچے تھے، جہاں نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا تھا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے گلے لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ 'بہت اچھے تعلقات' ہیں، امریکی صدر کا بھارت میں خطاب
دونوں رہنما ایئرپورٹ کے بعد تاریخی تاج محل پہنچے تھے، اس موقع پر تاج محل کے ارد گرد کے راستوں سے آوارہ کتوں سمیت دیگر جانوروں کو بھی ہٹالیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے بھارتی دورے کے دوران احمد آباد میں 14 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے جب کہ جہاں جہاں امریکی صدر جائیں گے، ان علاقوں کی خصوصی صفائی بھی کرائی گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے راستوں میں بسی کچی آبادیوں کو بھی پہلے سے ہی خالی کرالیا گیا تھا جب کے امریکی صدر کے دورے کو یادگار بنانے کے لیے ہر 10 میٹر پر انہیں خوش آمدید کہنے کے بینر آویزاں کیے گئے۔