اردو لکھتے ہوئے کی جانے والی 12 بڑی غلطیاں
اردو اس پورے خطے کی ایک اہم زبان شمار ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے برصغیر پاک وہند کی نہیں بلکہ ’سارک‘ ممالک کی مشترکہ زبان اور مشترکہ ورثہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔
ایک طرف بنگلادیش میں اردو متنازع بننے کے باوجود اب بھی سانس لے رہی ہے تو دوسری طرف افغانستان اور ایران کے لیے بھی اردو اجنبی زبان نہیں ہے، لیکن ہمارے ہاں آج کل ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ اردو میں لکھ تو ضرور رہے ہیں، لیکن وہ اردو کے اساتذہ سے سیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ اردو لکھتے ہوئے وہ ایسی فاش غلطیاں کر جاتے ہیں، جس سے ہم پڑھنے والوں کو شرمندگی سی ہونے لگتی ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ ہماری صحافتی زندگی میں اس وقت پیش آیا جب ہم نے ایک بڑی شخصیت کے انٹرویو کے بعد ان کی کتاب پر دستخط کرائے تو انہوں نے ’رضوان طاہر کی نذر‘ کے بجائے ’نظر‘ کردیا! گھر پہنچ کر ہم نے کتاب کھولی، تو بہت عجیب محسوس ہوا کہ ہم جس کے دستِ مبارک سے اپنے دستخط پر فخر کرنا چاہتے تھے، الٹا نگاہیں چرانے پر مجبور ہوئے۔ خیر، ہم یہاں ذیل میں ایسی ہی کچھ غلطیاں یا یوں کہیں اصلاحی نکات پیش کر رہے ہیں، جو اردو لکھتے ہوئے عموماً ہم اور آپ کرتے ہیں۔ لیکن یہ اساتذہ کے نزدیک نہایت غیر مناسب ہیں، اس لیے انہیں درست کرنا ضروری ہے۔