دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دورہ بھارت

ڈونلڈ ٹرمپ وہ پہلے امریکی صدر بن گئے جنہوں نے بھارتی ریاست گجرات کا دورہ کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے بھارتی دورے پر 24 فروری کو ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا۔

جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ پہلا بھارتی دورہ ہے، وہیں وہ پہلے امریکی صدر بھی بن گئے جنہوں نے ریاست گجرات کا دورہ کیا۔

ریاست گجرات وزیر اعظم نریندر مودی کا آبائی علاقہ ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ وہاں بنائے گئے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا بھی افتتاح کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ احمد آباد میں بنائے گئے سردار پٹیل اسٹیڈیم جسے موترا اسٹیڈیم بھی کہتے ہیں اس کا افتتاح کریں گے۔

اگرچہ مذکورہ اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوا تاہم اس اسٹیڈیم کا 90 فیصد سے زیادہ تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اسی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ افراد کے مجمع سے خطاب بھی کریں گے، اسی اسٹیڈیم میں رکھی جانے والی تقریب کو ’نمستے ٹرمپ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے بھارتی دورے پر کچی آبادی کے رہائشیوں کو بے دخلی کا نوٹس

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ سردار پٹیل ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں بھارتی وزیر اعظم نے خود ان کا استقبال کرتے ہوئے انہیں گلے سے لگایا۔

دونوں رہنما ایئرپورٹ کے بعد تاریخی تاج محل پہنچے، اس موقع پر تاج محل کے ارد گرد کے راستوں سے آوارہ کتوں سمیت دیگر جانوروں کو بھی ہٹالیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے بھارتی دورے کے دوران احمد آباد میں 14 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ جہاں جہاں امریکی صدر جائیں گے، ان علاقوں کی خصوصی صفائی بھی کرائی گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے راستوں میں بسی کچی آبادیوں کو بھی پہلے سے ہی خالی کرالیا گیا تھا جب کے امریکی صدر کے دورے کو یادگار بنانے کے لیے ہر 10 میٹر پر انہیں خوش آمدید کہنے کے بینر آویزاں کیے گئے۔

مزید پڑھیں: دورہ بھارت کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پاک-بھارت کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیں گے

اپنے پہلے بھارتی دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ، امریکا اور بھارت کے درمیان تجارت کو بڑھانے سمیت کئی اہم معاملات پر مذاکرات کریں گے۔

رپورٹس ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ دورے کے دوران ایک بار پھر بھارت کو پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ثالثی کی پیش کش کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندر مودی امریکی صدر کے سامنے تجربہ کار بھارتی افراد کو امریکا میں ملازمت کے مواقع دینے کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔

دو روزہ دورے کے دوران صدر ٹرمپ سے متعدد سیاسی، سماجی اور شوبز شخصیات بھی ملاقات کریں گی اور اس دوران امریکی صدر بھارتی حکومت کے سامنے متنازع شہریت قانون اور اقلیتوں کو مذہبی آزادی فراہم نہ کرنے جیسے معاملات پر بھی بات کریں گے۔