پاکستان

معاشی عدم استحکام کا بدترین دور اب ختم ہوچکا، گورنر اسٹیٹ بینک

ملک کے کاروباری شعبے کا مستقبل روشن ہے، ایوان صنعت و تجارت چھوٹے و درمیانے طبقے کے شعبوں میں کردار ادا کریں، رضا باقر

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ معاشی عدم استحکام کا بدترین دور اب ختم ہوچکا ہے اور ملک کا کاروباری شعبے کا مسقبل روشن ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اظہار خیال انہوں نے سی ای او کلب اور منیجمنٹ ہاؤس کی جانب سے منعقدہ 'سی ای او سمٹ ایشیا 2020' سے خطاب میں کیا۔

ترقی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیمنٹ کی فروخت، مشینری کی درآمد اور بڑے پیمانے پر مینوفکچرنگ کے جنوری کے اعداد و شمار تبدیلی کی ابتدائی علامتیں ہیں۔

مزید پڑھین: اسٹیٹ بینک کسی بھی بیرونی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، رضا باقر

انہوں نے کہا کہ 'ہم یہ اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے بدترین (وقت) کو پیچھے چھوڑ دیا'۔

اسٹیٹ بینک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کے کاروبار کا آپ کے سامنے بہت روشن مستقبل ہے تاہم انہوں نے نجی شعبے میں ترقی کے لیے پبلک سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ترقی کی متحرک طریقے سے حمایت کر رہا ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایس ایم ایز بینکوں سے مالی معاونت حاصل کرنے کے اہل ہوں ساتھ ہی ملک کے ایوان صنعت و تجارت پر زور دیا کہ وہ چھوٹے اور درمیانے طبقے کے شعبوں میں اپنا کردار ادا کریں۔

دوران خطاب انہوں نے اس بات کی طرف نشاندہی کی کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک کی برآمدات میں 4.5 فیصد ترقی بڑھتی ہوئی معاشی پیداوار کی طرف اشارہ ہے۔

ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا تھا کہ اسی عرصے کے دوران بھارت کی برآمدات 2.5 کم، تھائی لینڈ 2.5 فیصد کم، سری لنکا 3.6 فیصد کم، انڈونیشیا 5 فیصد کم، ملائیشیا 6 فیصد کم اور بنگلہ دیش 7 فیصد کم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود گورنر اسٹیٹ بینک معیشت سے مطمئن

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے مختلف ممالک میں کمی کے رجحان کے برعکس پاکستان نے حال ہی میں اپنی برآمدات میں اضافہ کیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ مرکزی بینک تجارت کے لیے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل منی پر کام کر رہا ہے۔

دوسری جانب تقریب سے خطاب میں عارف حبیب کارپوریشن کے چیئرمین عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ملک کے سرمایہ کاری کے ماحول میں نمایاں بہتری آرہی ہے جبکہ پاکستانی مارکیٹ سرمایہ کاروں کو منافع دے رہی ہیں۔

پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

گیس، بجلی کی قیمتیں جون تک تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ، گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی