پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی خرابیوں پر پہلے میچ نے پردہ ڈال دیا
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے پہلے میچ میں شکست دے دی۔
یہ جیت اس وقت ناممکن دکھائی دے رہی تھی جب پانچویں ہی اوور میں کوئٹہ کے 3 ابتدائی کھلاڑی محض 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ لیکن اعظم خان اور محمد نواز نے کچھ امید دلائی اور یہ امید یقین میں بدلنے ہی والی تھی کہ یہ دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے اور اب کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ آخر اس میچ میں اب جیت کس کی ہوگی، مگر بین کٹنگ اور سہیل خان نے اپنی شاندار بیٹنگ کے ذریعے اس پریشانی کو دُور کردیا اور یوں کوئٹہ پہلے میچ کا فاتح قرار پایا۔
آخری 4 اوورز میں جب کوئٹہ کو 37 رنز درکار تھے تو عماد بٹ نے 12 اور موسیٰ خان نے 19 رنز دے کر کوئٹہ کے لیے ہدف کو نہایت آسان کردیا۔
شام کا آغاز پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں مختلف پاکستانی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ رنگوں اور موسیقی سے بھرپور اس افتتاحی تقریب میں 10 سے زائد گلوکاروں نے پرفارم کیا، لیکن زیادہ تر شائقین اس تقریب سے مایوس دکھائی دیے۔ بیشتر لوگوں کے خیال میں یہ تقریب پی ایس ایل کی بدترین افتتاحی تقریب تھی۔
تقریب میں تاخیر کے باعث جب میچ آدھا گھنٹہ دیر سے شروع ہوا تو سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بہترین بلے بازی، پچ اور سرفراز احمد کے ٹاس پر سابقہ ریکارڈ کی وجہ سے یہ فیصلہ متوقع بھی تھا اور پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہترین آغاز بھی فراہم کر ڈالا۔