عمر اکمل کی جگہ انور علی گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطل کیے گئے عمر اکمل کی جگہ انور علی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو معطل کردیا تھا جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل معطل، پی ایس ایل سے باہر
عمر اکمل کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت فوری طور پر معطل کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے تک وہ کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔
عمر اکمل کی معطلی کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے ان کے متبادل کے طور پر 8 کھلاڑیوں کے نام پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوائے تھے۔
ان آٹھ کھلاڑیوں میں سے آل راؤنڈر انور علی کو عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جو اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔