کھیل

'مضحکہ خیز ٹوئٹ' پر سوشل میڈیا پر عمر اکمل کے چرچے

عمر اکمل نے عبدالرزاق کے ہمراہ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس کے مضحکہ خیز کیپشن پر وہ سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے۔

پاکستان کے معروف بلے باز عمر اکمل ایک مرتبہ پھر تنازع میں گھرے ہوئے ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے 'ینگ اینڈ ٹیلنٹڈ' کرکٹر عمر اکمل ہمیشہ ہی خبروں کی زینت بننے کا کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈ ہی لیتے ہیں۔

تاہم المیہ یہ ہے کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے سوا عمر اکمل اب اکثر منفی خبروں کے لیے ہی میڈیا کی زینت بنتے ہیں اور نت نئے تنازعات جیسے ان کا پیچھا کرتے رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل معطل، پی ایس ایل سے باہر

گو کہ آج عمر اکمل کو اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر معطل کردیا گیا ہے جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ سے بھی باہر ہو گئے ہیں لیکن ایک دن قبل اپنی مبینہ مضحکہ خیز پوسٹ کے سبب بھی ان کا سوشل میڈیا پر چرچا رہا۔

عمر اکمل معطلی سے قبل پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے گزشتہ روز ٹیم کے باؤلنگ کوچ عبدالرزاق کے ہمراہ ایک تصویر سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر شیئر کی تھی۔

اس تصویر میں عمر اکمل اور عبدالرزاق کو جہاز میں ایک ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم اس تصویر کی خاص بات اس کا کیپشن ہے جو عمر اکمل کچھ اور لکھنے کی کوشش میں نہ جانے کیا لکھ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: رنگارنگ تقریب سے پاکستان سپر لیگ 2020 کا آغاز آج ہوگا

کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ mother from another brother اور عین ممکن ہے کہ وہ 'brother from another mother' لکھنا چاہ رہے ہوں۔

عمر اکمل کے ٹوئٹر ہینڈل پر یہ ٹوئٹ اب نظر نہیں آرہی لیکن ان کی اس ٹوئٹ کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے جس پر شائقین کرکٹ نے ان کا خوب مذاق اڑایا اور ان میں سے کچھ ٹوئٹ درج ذیل ہیں۔

البتہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ واقعی عمر اکمل نے یہ ٹوئٹ کی تھی یا کسی نے فوٹوشاپ کر کے ان کے ساتھ مذاق کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف منفی وجوہات کے سبب عمر اکمل سوشل میڈیا پر شائقین کی تنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔

اس سے قبل ان کی انگور کھاتے ہوئے ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی جس پر وہ سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے تھے۔

گزشتہ سال عمر اکمل کی ایک عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی لیکن سری لنکا کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف دونوں میچوں میں وہ صفر پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے جس پر شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دوبارہ ٹیم میں شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔