رانا ثنااللہ ‘مجھے بچاؤ’ تحریک چلا رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ 'مجھے بچاؤ' تحریک چلا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) کے چیف ایگزیکٹو لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کے دوران معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے حوالے سے سوالوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ‘مجھے بچاؤ’ تحریک کی بات کر رہے ہیں اور جن کو آوازیں دے کر پرامید ہیں وہ لندن کے پرآسائش محلوں میں بیٹھے ہیں اور وہ رانا ثنااللہ کی بات پر کچھ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ قانون سے بچنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن قانون اپنا راستہ لے گا کیونکہ وہ نیب میں پوچھے گئے سوالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی نہ کوئی بھڑک مار دیتے ہیں جو حالات کے مطابق نہیں ہوتی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جماعت میں پھیلی مایوسی اور بے چینی کو جوڑنے کے لیے طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔
این ڈی آر ایم ایف کے چیف ایگزیکٹیو ندیم احمد نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک کے حوالے سے ماضی میں کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی لیکن یہ کام قابل تحسین ہے کیونکہ چند ترقی یافتہ ملکوں میں این ڈی آر ایم ایف کی طرز کے ادارے ہیں۔
مزید پڑھیں:اشیائے خورونوش کی اسمگلنگ کےخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ ایمان دار قیادت کی بدولت ہی دنیا کا اعتماد بحال ہوتا ہے، ماضی کی حکومتوں کی ترجیحات عوامی نہیں بلکہ ذاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایم ایف پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور ضرورت مندوں تک عطیات فوری پہنچیں گی، این ڈی آر ایم ایف سے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کے ازالے میں مدد ملے گی جبکہ ماضی میں نظر انداز ہونے والے دور دراز علاقے بھی رسک مینجمنٹ فنڈ میں شامل ہوں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عالمی ڈونر ایجنسیوں نے رسک مینجمنٹ فنڈ کو اربوں ڈالر فنڈز کی یقین دہانی کرائی ہے اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ نے بلوچستان کو اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان کے بارے میں موقف عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مالی تعاون کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور ان کی ہدایت پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور روک تھام کے لیے اصولی فیصلے کیے جا چکے ہیں کیونکہ اس سے قومی خزانے کا نقصان ہوتا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آٹا اور چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ میں وزیر اعظم نے کچھ مزید جوابات طلب کیے ہیں لیکن بحران کے ذمہ داروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی روک تھام کے لیے کابینہ میں تجاویز پیش کی جائیں گی کیونکہ وزیر اعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہیں۔