لائف اسٹائل

مصر: طلبہ کو ’بیلی ڈانس‘ دکھانے پر پرنسپل و اساتذہ کے خلاف کارروائی

’الفاروق عمر سیکنڈری‘ اسکول میں طلبہ کو بڑی اسکرین پر بیلی ڈانس دکھائے جانے سمیت انہیں ایک گانے پر پرفارم کرنے کاکہاگیا۔

افریقی ملک مصر میں اسکول کے طلبہ کو ’بیلی ڈانس‘ دکھانے والے پرنسپل کو معطل کرکے اساتذہ کا تبادلہ کردیا گیا۔

بیلی ڈانس مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک خاص طور پر مصر، مراکش، الجیریہ، تیونس، اور لبنان سمیت دیگر میں کافی مقبول ہے جب کہ مصری عوام اور ادارے اس ڈانس کو اپنا ثقافتی ڈانس مانتے ہیں۔

مصر میں عام تقریبات میں بھی بیلی ڈانس کی پرفارمنس کی جاتی ہے تاہم اس ڈانس کے چند انداز پر پابندی عائد ہے یا انہیں مصری معاشرے میں اچھا نہیں سمجھا جاتا۔

عرب اخبار ’خیلج ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مصر کے صوبے منوفیہ کے شہر السادات کے ایک اسکول میں نوجوان طلبہ کو ڈیجیٹل اسکرین پر قدرے نامناسب بیلی ڈانس دکھایا گیا تھا جس پر حکومت نے نوٹس لیا۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مصر کے عربی اخبار ’الوطن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پرنسپل اور اساتذہ نے اتوار کی چھٹی سے قبل آخری کلاس میں طلبہ کو بڑی ڈیجیٹل اسکرین پر بیلی ڈانس کی پرفارمنس دکھائی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جہاں اساتذہ نے طلبہ کو بیلی ڈانس دکھایا، وہیں انہیں مصر کے معروف گلوکار محمد رمضان کا گانا گانے کا بھی کہا اور اس گانے پر بھی طلبہ نے پرفارمنس کی۔

رپورٹ میں ایک اور مصری اخبار ’الیوم‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو بیلی ڈانس دکھائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد منوفیہ صوبے کے اعلیٰ تعلیمی افسرا نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اعلیٰ تعلیمی افسران نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اسکول کے پرنسپل کو نوکری سے فارغ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ’الفاروق عمر سیکنڈری اسکول فار بوائز‘ میں پیش آیا جس کے 18 اساتذہ کا تبادلہ بھی دیگر تعلیمی اداروں میں کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیق کرنے والے افسران نے اعلیٰ تعلیمی افسران کو بیلی ڈانس دیکھنے اور ایک گانے پر پرفارمنس کرنے والے 20 طلبہ کا داخلہ بھی ختم کرنے کی سفارش کی ہے تاہم تاحال ان کا داخلہ ختم نہیں کیا جا سکا۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر طلبہ کو مصر میں فحش سمجھے جانے والی بیلی ڈانس دکھایا گیا تھا جس پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

طلبہ کو اسٹریٹ بیلی ڈانس دکھایا گیا تھا جس میں خواتین ڈانسرز انتہائی فحش انداز میں گلی میں چلتے افراد کے سامنے نا مناسب انداز میں ڈانس کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں اور اس طرز کے ڈانس پر مصر میں پابندی ہے۔

بیلے ڈانس شو

عریانیت پھیلانے پر ڈانسر کو ایک سال قید کی سزا

مرد و خواتین کی مشترکہ ڈانس ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتاریاں