کھیل

ناردرن نے ایم سی سی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9رنز سے شکست دے دی

پاکستان کے دورے پر آئی میریلیبون کرکٹ کلب کی ٹیم ناردرن کے خلاف 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔

پاکستان کے دورے پر آئی میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم کو ناردرن نے دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے ایچیسن کالج کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں میریلیبون کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152رنز بنائے۔

علی عمران نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے، سرمد بھٹی 25 اور فیضان ریاض 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میریلیبون کرکٹ کلب کی جانب سے روی بوپارہ 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں میریلیبون کرکٹ کلب کا کوئی بھی کھلاڑی ناردرن کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا اور تمام کھلاڑی ایک، ایک کر کے وکٹ گنواتے رہے۔

سمیت پٹیل 39 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ روز وائیٹلی 21، ارون للی 20 اور روی بوپارہ 19رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میریلیبون کرکٹ کلب مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143رنز بنا سکی اور ناردرن نے میچ میں 9 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

ناردرن کی جانب سے منیر ریاض اور مبشر خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔