ماہرہ اور فہد کی 'قائداعظم زندہ باد' کی شوٹنگ مکمل
گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم 'قائداعظم زندہ باد' میں مرکزی اداکارہ کا کردار نبھانے جارہی ہیں۔
اور اب اس فلم کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔
ماہرہ خان اس فلم میں پہلی مرتبہ اداکار فہد مصطفیٰ کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی۔
دونوں اداکاروں نے نبیل قریشی کی ہدایات اور فضا علی میرزا کی پروڈکشن میں بننے والی فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی کیا۔
مزید پڑھیں: ماہرہ خان 'قائداعظم زندہ باد' میں فہد مصطفیٰ کی ہیروئن
خیال رہے کہ فلم 'قائداعظم زندہ باد' رواں سال ریلیز کی جائے گی۔
ہدایت کار نبیل قریشی نے اس سفر کے مکمل ہونے پر سب کا شکریہ ادا کیا
فہد مصطفیٰ نے بھی فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے پر اپنا حال مداحوں کو بتایا
ماہرہ خان نے شوٹنگ مکمل ہونے کے ساتھ فلم کی ایک جھلک شیئر کی
فلم کی کاسٹ کی ہدایت کار اور پروڈیوسر کے ساتھ ایک تصویر بھی سامنے آئی
یاد رہے کہ فلم 'قائداعظم زندہ باد' کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔
یہ نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی چاروں فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
پہلی فلم 'نامعلوم افراد' 2014 میں سامنے آئی تھی جس میں فہد نے جاوید شیخ، عروہ حسین اور محسن عباس حیدر کے ساتھ کام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ نبیل قریشی کی 5ویں فلم کے بھی مرکزی ہیرو
بعدازاں 'ایکٹر ان لا' 2016 میں ریلیز ہوئی جس میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ مہوش حیات نظر آئیں، فلم میں بھارتی اداکار اوم پوری بھی شامل تھے۔
'نامعلوم افراد' کا سیکوئل 2017 میں سینما گھروں میں پیش ہوا، اس فلم میں ہانیہ عامر بھی باقی کاسٹ کا حصہ بنی۔
جبکہ 'لوڈ ویڈنگ' گزشتہ سال ریلیز ہوئی، جس میں فہد اور مہوش کی جوڑی دوبارہ ایک ساتھ نظر آئی۔
یہ چاروں ہی فلمیں سینما گھروں میں کامیاب ہوئیں جبکہ فلم کو تجزیہ کاروں اور شائقین کا مثبت ردعمل ملا۔