پاکستان

سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں صحافی کی پراسرار ہلاکت

سندھی ٹی وی چینل کے ٹی این اور اخبار کاوش سے وابستہ صحافی کی لاش ایک نہر سے ملی، پولیس
|

سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ضلع نوشہروفیروز میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے صحافی عزیز میمن کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

سینئر صحافی عزیز میمن کی لاش اتوار کی سہ پہر نوشہرو فیروز کے نواحی شہر محراب پور کی ایک نہر سے برآمد ہوئی تھی۔

عزیز میمن سندھی نیوز چینل ’کے ٹی این‘ اور اخبار ’کاوش‘ سے وابستہ تھے اور وہ اتوار کی صبح گھر سے کیمرامین کے ساتھ رپورٹنگ کے لیے نکلے تھے۔

عزیز میمن کے بھائی حافظ میمن نے مقامی میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ان کے بھائی صبح اپنے کیمرامین اویس قریشی کے ساتھ محراب پور کے قریبی گاؤں میں رپورٹنگ کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے تاہم سہ پہر کو ان کی لاش کی اطلاع ملی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: پڈعیدن پریس کلب پر حملہ، صحافی جاں بحق

محراب پور پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عظیم راجپر نے مقامی میڈیا کو تصدیق کی کہ صحافی عزیز میمن کی لاش ایک نہر سے برآمد ہوئی۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کے گلے میں الیکٹرک تار تھی، تاہم فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ ان کی ہلاکت کیسے ہوئی؟

پولیس نے بتایا کہ عزیز میمن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا اور جائے وقوع کو سیل کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

آخری اطلاعات تک عزیز میمن کی پراسرار ہلاکت کا مقدمہ دائر نہیں کیا جا سکا تھا تاہم میڈیا پر خبریں سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نوشہروفیروز پولیس سے جلد رپورٹ طلب کرتے ہوئے صحافی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان کا 139واں نمبر

صحافی عزیز میمن کی پراسرار ہلاکت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب کہ ایک دن قبل ہی ضلع نوشہروفیروز میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی خاتون رکن اسمبلی شہناز انصاری کو قتل کیا گیا تھا۔

شہناز انصاری کو 15 فروری کو ضلع نوشہروفیروز کے قریب دریا خان مری نامی گاؤں میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا اور وہ نوابشاہ کے ہسپتال منتقل کیے جانے کے وقت چل بسی تھیں۔

شہناز انصاری کو 16 فروری کی دوپہر سپردخاک کیا گیا اور ان کی نماز جنازہ سے چند گھنٹے بعد ہی صحافی عزیز میمن کی لاش ملی۔

اپوزیشن نے فوج سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو 'غیر ذمہ دارانہ' قرار دے دیا

سائنس کے میدان میں نمایاں خدمات دینے والی 7 خواتین

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، افغان مہاجرین سے ملاقات