پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کراچی میں سپرد خاک
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم الحق کو مسجد عائشہ میں نماز جنازے کے بعد کراچی کے علاقے گزری کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
نعیم الحق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے خیابان اتحاد میں مسجد عائشہ میں نمازِ عصر کے بعد ادا کی گئی۔
پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت متعدد وفاقی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔
اس سے قبل وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما متوفی نعیم الحق کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے نعیم الحق کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 'فرنٹ لائن پر موجود ایک سپاہی کی طرح نعیم الحق نے وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کا ہر موڑ پر دفاع کیا اور ان کے نظریے کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے انتھک محنت کی'۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم ان کے مقصد کو زندہ رکھیں گے '۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی رکن اور وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے، وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض کا شکار تھے۔
ان کے سوگواران میں ایک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
2 سال قبل نعیم الحق میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم گزشتہ چند مہینوں میں ان کی صحت مزید خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں کراچی کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کراچی چیپٹر نے نعیم الحق کی وفات پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے رواں ماہ کے اوائل میں کراچی کے دورے کے دوران نعیم الحق کی عیادت بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے سچے ساتھی نعیم الحق کی سوانح
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے نعیم الحق کے انتقال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ایک دیرینہ دوست کے انتقال پر غمزدہ ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'نعیم الحق، تحریک انصاف کے 10 بانی اراکین میں سے تھے اور 23 سال کی جدوجہد میں میرے ساتھ کھڑے رہے، کامیابی ہو یا ناکامی نعیم الحق پارٹی سے ہمیشہ مخلص اور وفادار رہے'۔
واضح رہے کہ نعیم الحق تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل تھے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔
نعیم الحق، وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔