پاکستان

تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے

نعیم الحق کافی عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں کینسر کا مرض لاحق تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اور وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

نعیم الحق کے اہلخانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کی۔

نعیم الحق کافی عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں کینسر کا مرض لاحق تھا۔

پی ٹی آئی سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ نعیم الحق کی نماز جنازہ بروز اتوار بعد نماز عصر، مسجد عائشہ خیابان اتحاد میں ادا کی جائے گی۔

تعزیتی پیغامات

وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے بانی رہنما کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر غمزدہ ہوں، وہ تحریک انصاف کے 10 بانی اراکین میں سے تھے اور 23 سال کی جدوجہد میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کامیابی ہو یا ناکامی نعیم الحق پارٹی سے ہمیشہ مخلص اور وفادار رہے۔'

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ کے 15 اراکین اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات، نعیم الحق کا دعویٰ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'نعیم الحق کے انتقال پر شدید دکھ ہے، انہوں نے نہایت ہمت کے ساتھ کینسر جیسے مرض کا مقابلہ کیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'نعیم الحق دیرینہ ساتھی اور تحریک انصاف کے روح رواں تھے، ان کے انتقال سے پی ٹی آئی پرخلوص، زیرک لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔'

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ 'نعیم الحق نے تحریک انصاف کی کامیابی کے لیے انتھک محنت کی اور پارٹی کے منشور اور وژن کے لیے کام کیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'نعیم الحق نے شوکت خانم ہسپتال کے لیے بھی بہت کام کیا۔'

پی ٹی آئی رہنما اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'نعیم الحق نے شیر کی طرح بہادری سے کینسر کا مقابلہ کیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'نعیم الحق اچھے دوست اور ساتھی تھے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔'

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مرحوم نعیم الحق وزیر اعظم عمران خان کے دلیر ساتھی تھے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا ان سے 28 سال کا ساتھ تھا، اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔'

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی نعیم الحق کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے نعیم الحق کے اہل خانہ اور پی ٹی آئی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ 'اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔'

واضح رہے کہ نعیم الحق تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل تھے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔

نعیم الحق، وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے رواں ماہ کے اوائل میں کراچی کے دورے کے دوران نعیم الحق کی عیادت بھی کی تھی۔