کورونا وائرس سے متاثرہ چاروں پاکستانی طلبہ صحتیاب ہوگئے، ڈاکٹر ظفر مرزا
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ تمام 4 پاکستانی طلبہ مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ 'مجھے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ الحمدللہ ہمارے چار طلبہ جنہیں چین میں کورونا وائرس کا مرض لاحق تھا اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'آج انہیں ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے'۔
اس سے قبل پاکستان میں چینی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس 19 سے متاثرہ 3 پاکستانی طلبہ کا مکمل اور کامیاب علاج ہوگیا۔
چینی سفارت خانے نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے ہسپتالوں میں زیر علاج پاکستانی طلبہ مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیے گئے۔
ٹوئٹ میں چینی طبی عملے کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
واضح رہے کہ 29 جنوری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کے شہر ووہان میں موجود 4 پاکستانی طلبہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس سے متاثرہ طلبہ کی صحت کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی شناخت دانستاً بتائی نہیں جارہی اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ اس کی چھان بین نہ کریں۔