پی ایس ایل کا پانچواں سیزن، کچھ شکوے اور مشورے
پی ایس ایل نے وطن واپسی کے بعد جہاں مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑادی وہیں اس لیگ سے جڑے کچھ منفی پہلوؤں نے مضطرب بھی کیا ہے
کامیاب ’پاکستان سپر لیگ‘ (پی ایس ایل) کا سفر اپنے پانچویں سیزن میں داخل ہونے کو ہے۔ 2016ء میں متحدہ عرب امارات کی زمین پر جب اس لیگ کا آغاز ہوا تو پاکستانی شائقینِ کرکٹ کی خواہش تھی کہ دیسی لیگ دیس کے میدانوں پر کھیلی جائے، اور اچھی بات یہ ہوئی کہ شائقین کی یہ خواہش مرحلہ وار پوری ہوتی گئی۔
2017ء میں سب سے پہلے لاہور میں فائنل کھیلا گیا، پھر 2018ء میں 3 میچ پاکستان میں منعقد ہوئے، اس کے بعد صورتحال مزید کچھ بہتر ہوئی تو 2019ء 8 میچ کراچی اور لاہور کے میدانوں میں شیڈول ہوئے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے سبب لاہور میں کوئی بھی میچ نہیں کھیلا جاسکا اور یہ سارے میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔