پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑیوں کا پاکستانی عوام کے نام 'اردو میں پیغام'
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے آغاز کے دن جیسے جیسے قریب آتے جا رہے ہیں شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچتا جا رہا ہے اور ساتھ ساتھ مقامی اور غیر ملکی کرکٹرز بھی انتہائی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کی طرح پشاور زلمی کی ٹیم نے بھی لیگ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی کھلاڑیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
لیگ کے آغاز سے چند دن قبل پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور انگلش آل راؤنڈر لیام ڈاسن کے بعد اب ٹام بینٹن نے بھی اردو میں ٹوئٹ کیا ہے۔
ٹام بینٹن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین کا احوال پوچھنے کے بعد دریافت کیا کہ کیا شائقین پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کے چھکے چوکوں کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان آنے کے لیے تیار ہوں اور اپنا سامان پیک کر رہا ہوں اور ساتھ ساتھ تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی۔
اس سے قبل پیر کو انگلینڈ کے لیام ڈاسن نے بھی پاکستان کو سلام کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ کیا وہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن میں اسٹیڈیم بھرنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں جلد پاکستان آ رہا ہوں اور چپلی کباب اور دم پخت کا سوچ کر میرے منہ میں پانی آ رہا ہے۔
پاکستانیوں میں یکساں مقبول پشاور زلمی کے کپتان اور سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستانی عوام کے نام پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان میں اپنے راستے پر ہوں... یہ صرف کرکٹ سے زیادہ راستہ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ صرف کرکٹ نہیں ہے اور پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن پاکستانی عوام کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔
پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے ان کی اس ٹوئٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ ڈیرن سیمی کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے پاکستان سپر لیگ 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔