کھیل

پاکستان سپر لیگ کے میچ آفیشلز میں 3غیرملکی امپائرز بھی شامل

20فروری کو لیگ کے افتتاحی میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے اور افتتاحی میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

34میچوں پر مشتمل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور ان میچوں کے لیے تین غیرملکیوں سمیت میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں سری لنکا کے روشن ماہنامہ میچ ریفری، آصف یعقوب تھرڈ اور سید امتیاز اقبال فورتھ امپائر ہوں گے۔

ابتدائی طور پر 9 میچوں کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے امپائرنگ پینل کا حصہ بننے والے مائیکل گف 6 مارچ کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔

بین الاقوامی کرکٹ کی مصروفیت کے باعث گذشتہ ایڈیشن میں شرکت نہ کرنے والے پاکستان کے مایہ ناز امپائر اور تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز جیتنے والے علیم ڈار بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا حصہ ہوں گے، وہ 10 مارچ، 11 مارچ اور 15 مارچ کو شیڈول میچوں میں امپائرنگ کریں گے۔

15 امپائرز پر مشتمل فہرست میں 5 نئے چہرے پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے جن میں اسلم بڑیچ، ماجد حسین، ناصر حسین، ثاقب خان اور سید امتیاز اقبال ٹورنامنٹ میں فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

ابتدائی طور پر لیگ کے 30 میچوں کے لیے اعلان کردہ آن فیلڈ امپائرز میں علیم ڈار، احسن رضا، رچرڈ ایلنگ ورتھ، مائیکل گف، رینمور مارٹینیز ، آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض، شوزب رضا اور طارق رشید کے نام شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوران روشن ماہانامہ، محمد انیس، جاوید ملک اور عزیزالرحمٰن میچ ریفریز ہوں گے۔

کوالیفائر، 2 ایلیمنٹرز اور ایونٹ کے فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔