پاکستان

پاک فوج کے پائلٹس نے 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو 'براڈ پیک' سے ریسکیو کر لیا

امریکا اور فن لینڈ کے کوہ پیما، براڈ پیک کو سر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بیمار ہونے کی وجہ سے پھنس گئے تھے، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ایوی ایشن پائلٹوں نے بالتورو گلیشیئر کی براڈ پیک کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکا کے ڈونلڈ ایلن پووی اور فن لینڈ کی لوٹا ہینریکا، براڈ پیک کو سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم وہ راستے میں بیمار ہونے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کے پائلٹس کیلئے 'فرنچ نیشنل ڈیفنس برونز میڈلز' کا اعزاز

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاک فوج کے پائلٹس کو فرانسیسی کوہ پیما کو ریسکیو کرنے پر فرنچ نیشنل ڈیفنس برونز میڈلز سے نوازا گیا تھا۔

ان پائلٹس نے 2018 میں فرانسیسی کوہ پیما الیزبتھ ریول کو 'قاتل پہاڑ' نانگا پربت میں ریسکیو کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوری 2018 میں7 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر پولش کوہ پیما ’ٹام میکسوچ‘ اور فرانسیسی خاتون کوہ پیما 'الزبتھ ریول‘ ایک دوسرے سے بچھڑ کر وہاں پھنس گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نانگا پربت، کوہ پیماؤں کا مقتل بھی، جنوں بھی

آئی ایس پی آر کے مطابق پولش اور فرانسیسی سفارت خانوں کی درخواست پر پاک فوج نے دونوں کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیے تھے۔

ریسکیو ٹیم رات کے اندھیرے میں صرف ساڑھے 8 گھنٹوں میں 1426 میٹر کی بلندی سر کرکے الزبتھ ریول کو ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ دوسرے کوہ پیما ٹام میکسوچ کو تمام تر کوششوں کے باوجود نہیں بچایا جاسکا۔