پاکستان

فلاحی مرکز میں لڑکی کی پُراسرار موت، تحقیقات کا مطالبہ

کاشانہ لاہور کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے لڑکی کی اچانک موت کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا، رپورٹ

لاہور: مختلف فلاحی تنظیموں میں پرورش پانے والی لڑکی اقرا کائنات کی پُراسرار موت ایک معمہ بن گئی ہے جس کے بعد کاشانہ لاہور کی سابق سپرنٹنڈنٹ نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ایک طرف پولیس کا ماننا ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی جبکہ کاشانہ لاہور کی سابق سپرنٹنڈنٹ اس بات کو ’من گھڑت‘ قرار دیتی ہیں۔

5 فروری کو انتقال کرنے والی 23 سالہ اقرا کائنات کی شادی ایک برس قبل گرین ٹاؤن کے رہائشی عابد ثنااللہ سے ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: کاشانہ لاہور کیس: ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر بیت المال ذاتی حیثیت میں طلب

اقرا کائنات کی موت اس وقت توجہ مرکز بنی جب دو روز قبل ایدھی سینٹر نے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ ان کا انتقال بیماری کی وجہ سے ہوا جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی تھی۔

ایدھی سینٹر لاہور کا کہنا تھا کہ اقرا کائنات، ٹاؤن شپ میں واقع ایدھی ہوم میں داخل ہوئی تھیں اور وہ اس وقت ایک بیماری کا شکار تھیں۔

دوسری جانب پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ لڑکی نے اپنے شوہر اور سسرالیوں کے ساتھ گھریلو مسائل کے باعث چند روز قبل ’ کیمیکل یا تیزاب ‘ پیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقرا کو ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں بروقت علاج کی وجہ سے وہ بچ گئی تھیں جس کے بعد انہیں ہسپتال سےڈسچارج کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خانیوال: موبائل نہ دینے پر منگیتر کے ہاتھوں لڑکی قتل

پولیس عہدیدار نے کہا کہ اقرا نے اپنے سسرال واپس جانے سے انکار کردیا تھا لہٰذا انہیں ایدھی ہوم بھیج دیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئیں۔

اقرا کی موت منظرعام پر آنے کے بعد فلاحی ادارے کاشانہ لاہور کی سابق کیئر ٹیکر افشاں لطیف نے لڑکی کی اچانک موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

افشاں لطیف نے کہا کہ اقرا نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو، دارلامان اور کاشانہ میں پرورش پائی اور وہ وہاں مقیم لڑکیوں کی حالت زار کی گواہ تھیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر متعقلہ حکام سے کیس کی منصفانہ تحقیقات کا حکم دینے کی اپیل کی۔


یہ خبر 8 فروری، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

پی ایس ایل5: ڈان گروپ پشاور زلمی کا میڈیا پارٹنر بن گیا

میرا کی تنقید پر ماہرہ خان کا شکوہ

چین: کورونا وائرس سے پہلا غیر ملکی شہری ہلاک، اموات کی مجموعی تعداد 772 ہوگئی