لائف اسٹائل

ڈیزائنر فہد حسین کا اپنا فیشن برانڈ بند کرنے کا اعلان

پاکستانی فیشن انڈسٹری کے نامور ڈیزائنر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کا فیشن برانڈ دیوالیہ ہوگیا ہے۔

پاکستانی فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کامیاب ڈیزائنر فہد حسین نے اپنے فیشن برانڈ کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان فہد حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے کیا۔

فہد حسین نے اپنی پوسٹ میں نہایت دکھ کے ساتھ اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'جہاں تک مجھے یاد ہے میں اپنی پوری زندگی میں صرف فن اور فیشن پر کام کرنے کا خواہشمند رہا، ایک دہائی سے زیادہ عرصہ میں نے اس فن کو سیکھنے اور اپنا برانڈ بنانے میں لگادیا لیکن اس دوران میں نے کچھ کوتاہیوں کو نظر انداز کردیا، (تاہم) ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے کاروبار کرنے کی صلاحیت مجھ میں نہیں تھی'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'میں نے سوچا تھا کہ وقت اور وسائل میری سوچ کو کامیاب بنادیں گے لیکن افسوس کے ساتھ ہمیشہ سب ویسا نہیں ہوتا جیسا آپ چاہتے ہیں، شاید میں کاروبار نہیں کرنا چاہتا تھا، میں صرف آرٹ پر کام کرنے کا خواہشمند تھا'۔

ڈیزائنر کے مطابق 'میں سب کا شکر گزار ہوں کہ میرے ساتھ یہ خوبصورت لمحات گزارے، میرے برانڈ کو فخر ہے کہ اس نے اتنے کامیاب سال گزارے اور بہترین لُکس تیار کیے اور کئی خوبصورت دلہنوں کے ساتھ کام کیا'۔

فہد حسین نے بتایا کہ ان کا فیشن برانڈ دیوالیہ ہوگیا ہے اور وہ اب اسے بند کررہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ 'وہ اپنا کاروبار ختم کررہے ہیں جبکہ وہ ایک مرتبہ پھر سب کے شکر گزار ہیں'۔

خیال رہے کہ فہد حسین کا شمار پاکستان کے کامیاب ڈیزائنرز میں کیا جاتا رہا ہے، تاہم ان کے اس فیصلے نے یقیناً فیشن کی دنیا میں کئی لوگوں کو حیران کردیا ہوگا۔

پاکستان کی کئی بڑی ماڈلز بھی فہد حسین کے برانڈ کے ساتھ کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتیں تاہم اب جہاں انہوں نے برانڈ کو بند کرنے کا اعلان کردیا وہیں ڈان امیجز کو دیے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے فیشن کی دنیا میں واپسی کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں سوچا۔

بال عطیہ کرنے پر اداکار علی عباس کو بیٹی پر فخر

آنکھیں کھول دینے والی ماحولیاتی تبدیلی پر بنی محض 2 منٹ کی فلم

فنکار فلم ایوارڈ میں ’زندگی تماشا‘ کی پابندی پر آواز اٹھائیں، عثمان خالد بٹ