پاکستان

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی، آرمی چیف

کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں چاہے اس کے لیےکوئی بھی قیمت چکانا پڑے،کور کمانڈرز کانفرنس
|

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ظلم و جبر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 229ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے میں جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملکی داخلی سیکیورٹی اور بارڈر کی صورتحال پر خصوصی غور کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا نے مستقل امن کے لیے کیے گئے آپریشن 'ردالفساد' کے مثبت اثرات اور اب تک کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شرکا نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کے حوالے سے قرار دیا کہ ان غیر ذمہ دارانہ بیانات کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن اور سلامتی کی خواہاں ہیں، تاہم ساتھ ہی کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں چاہے اس کے لیے کوئی بھی قیمت چکانا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارت کی سیاسی و عسکری قیادت کی طرف سے پاکستان کے خلاف کئی بار ہرزہ سرائی اور متنازع بیانات دیے گئے ہیں۔

29 جنوری کو بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو کسی بھی نئی جنگ میں 10 روز سے بھی کم وقت میں شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہرزہ سرائی اور متشدد بیان کو مسترد کر دیا تھا۔

قبل ازیں بھارت کے آرمی چیف جنرل منوج مکند ناراوین کا کہنا تھا کہ 'نئی دہلی لائن آف کنٹرول کے پار حملوں کا اختیار رکھتا ہے'۔

بھارتی آرمی چیف نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد ہی کہا تھا کہ 'اگر پاکستان دہشت گردی کی معاونت کو ختم نہیں کرتا تو دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر بھارت کو پاکستان پر حملے کا اختیار حاصل ہے اور ہماری اس نیت کا مظاہرہ بالاکوٹ آپریشن اور سرجیکل اسٹرائکس کی صورت میں سامنے آچکا ہے'۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی ظلم و جبر کا بہادری سے سامنا کرنے پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی۔