لائف اسٹائل

'موسمیاتی تبدیلی' پر مبنی فلم کا ٹریلر جاری

3 گھنٹے کی اس ڈاکیومنٹری فلم 'دی پولیٹکس آف کلائمٹ چینج' کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید نے دی ہے۔
Welcome

پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید نئی (ڈاکیومینٹری) دستاویزی فلم پر کام کررہے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر مبنی ہے۔

3 گھنٹے کی اس ڈاکیومنٹری فلم 'دی پولیٹکس آف کلائمٹ چینج' کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔

اس فلم کے حوالے سے شہزاد حمید کا ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے آسٹریلیا کے کوئلے کے معاملے، پاکستان میں ہمالیہ سے متعلق اور برازیل کے ایمیزون جنگلات پر تحقیق کے لیے بہت سفر کیا، اس سفر کے دوران میری ملاقات ایسے افراد اور کارکنان سے ہوئی جو 21ویں صدی کے سب سے بڑے مسئلے موسمیاتی تبدیلی پر کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید کے نام کینیڈا فلم فیسٹیول میں ایوارڈ

خیال رہے کہ ماضی میں شہزاد حمید ایسی کئی ڈاکیومنٹریز تیار کرچکے ہیں جن میں سماجی مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہو۔

ان کی حال ہی میں سامنے آئی ڈاکیومنٹری میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کو پیش کیا گیا تھا۔

انہوں نے گزشتہ سال اپنی فلم 'کوٹ ان دی کراس فائر‘ کے لیے کینیڈا میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ حاصل کیا تھا، 48 منٹ پر مبنی یہ ڈاکیومنٹری افغانستان میں جاری جنگ میں موجود صحافی سے ملاقات پر مبنی تھی۔

یاد رہے کہ 2017 میں شہزاد حمید نے قصور لوسٹ چلڈرن نامی ڈاکیومنٹری کے لیے ہیومن کنسرن کیٹیگری میں سلور ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

شہزاد حمید کو نیویارک فیسٹیول میں دیا جانے والا یہ دوسرا اعزاز تھا، اس سے قبل 2016 میں انہوں نے اپنی ڈاکیومنٹری ’فلائٹ آف دی فیلکنز‘ کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، اس ڈاکیومنٹری کو کمیونٹی پورٹریٹس کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ان کی نئی ڈاکیومنٹری فلم 'دی پولیٹکس آف کلائمٹ چینج' کا پریمیئر رواں سال یکم فروری کو نیوز ایشیا چینل پر ہوا تھا۔