کورونا وائرس، چین میں ایک ہزار بستر کا ہسپتال 10 دن میں تعمیر
ہوشینشان ہاسپٹل کی تعمیر 23 جنوری کو شروع ہوئی اور 2 فروری (اتوار) کی صبح اسے مکمل کرلیا گیا۔
چین کو اس وقت 2019 ناول کوورنا وائرس کے نتیجے میں مشکل صورتحال کا سامنا ہے جہاں اب تک 14 ہزار سے زائد افراد میں اس کی تصدیق ہوچکی ہے اور مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس نے حیران کن طور پر چند دنوں میں ایک ہزار بستر کا ہسپتال تعمیر کردیا ہے اور پوری دنیا کو حیران کردیا ہے۔
چین کے سرکاری چائنا گلوبل ٹیلیویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کے مطابق ہوشینشان ہاسپٹل کی تعمیر 23 جنوری کو شروع ہوئی اور 2 فروری (اتوار) کی صبح اسے مکمل کرلیا گیا۔
گلوبل ٹائمز نے ٹوئٹر پر بتایا کہ یہ ہسپتال اب طبی عملے کے کنٹرول میں دیا جارہا ہے اور وہاں پیر سے مریضوں کا داخلہ شروع ہوجائے گا۔
یہ ہسپتال 25 ہزار اسکوائر میٹر پر تعمیر ہوا ہے اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہے۔