بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، فواد عالم جگہ بنانے میں کامیاب
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شامل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں بلے باز فواد عالم کو بھی شامل کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ فواد عالم کو اس سے قبل ایک دہائی بعد سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس سلسلے میں راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں آف اسپنر بلال آصف کی واپسی ہوئی۔
واضح رہے کہ نوجوان آف اسپنر بلال آصف نے قائداعظم ٹرافی کے 9 میچوں میں 34 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سلیکشن کمیٹی نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا، جنہوں نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کے خلاف 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل 2 کرکٹرز کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو بنگلہ دیش کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بات مدنظر رہے کہ کاشف بھٹی سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے جبکہ عثمان شنواری نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 43 رنز کے عوض 6 وکٹ حاصل کی تھیں۔
ٹیم کے اعلان سے متعلق لاہور میں پریس کانفرنس میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے موزوں ترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔
کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو اسکواڈ سے ڈراپ کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یقیناً کھلاڑی مایوس ہوں گے مگر یقین دلاتے ہیں کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری طویل طرز کی کرکٹ میں ہماری مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی کا مکمل حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی کثیر تعداد ہونے کے باعث کاشف بھٹی کی جگہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کو آل راؤنڈر صلاحیت کی بنیاد پر عثمان شنواری پر ترجیح دی گئی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں فتح کے بعد وہ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں تھے مگر وکٹ کے پیش نظر اپنی تیاری مکمل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے پاکستان نے 2019 کا فاتحانہ اختتام کیا جبکہ 2020 کی پہلی سیریز میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی، لہٰذا پُرامید ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم، بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز بھی فتح سے کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہدف ہے، خواہش ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 2 بہترین ٹیموں میں شامل ہو'۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 3 فروری کو راولپنڈی روانہ ہوگی جہاں قومی اسکواڈ ٹریننگ کا آغاز 4 فروری کو کرے گا۔
اسکواڈ:
اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ۔