کھیل

قومی کھیلوں پر توجہ ہے، جلد اجلاس ہوگا، وزیراعظم

ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل اور لیگ کی کامیابی میں پشاور زلمی کا کردار اہم ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کامیابی میں پشاور زلمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کھیلوں پر توجہ ہے اور جلد اس حوالے سے اجلاس منعقد ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے ملاقات کے دوران کھیلوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘قومی اسپورٹس پالیسی پر توجہ ہے اور جلد اجلاس منعقد ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد تاریخی موقع ہوگا، ملک میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہے’۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے’۔

انہوں نے جنوبی افریقہ کے سابق مشہور بلے باز ہاشم آملہ کے پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل 5: ہاشم آملہ پشاور زلمی کا حصہ بن گئے

پشاور زلمی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ ‘ہاشم آملہ جیسے بڑے کرکٹر کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے’۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان سے قومی اسپورٹس پالیسی اور پاکستان میں کھیلوں کی بہتری پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قومی اسپورٹس پالیسی پر توجہ ہے اور جلد اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پاکستان میں کھیلوں کی بہتری پر بات چیت ہوگی’۔

ہاشم آملہ کے حوالے سے وزیر اعظم کے تاثرات پر ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم نے ہاشم آملہ کے پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے کرکٹرز کا پی ایس ایل فرنچائز سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا’۔

قبل ازیں پشاور زلمی نے اعلان کیا تھا کہ ہاشم آملہ بیٹنگ مینٹور کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

جاوید آفریدی نے انہیں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہاشم آملہ لیجنڈری بیٹسمین اور دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور زلمی نے 'پی ایس ایل فائیو' کیلئے کٹ، ترانے کا ٹیزر جاری کردیا

پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا باعث خوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پشاور زلمی ہر سال پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہاشم آملہ کی موجودگی سے جہاں بیٹسمینوں کو فائدہ ہوگا وہیں ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور گزشتہ 5 برسوں میں یہ پہلا موقع ہوگا جب لیگ کا پہلا میچ اور فائنل بھی پاکستان میں ہوگا۔

پی ایس ایل فائیو کا آغاز 20 فروری کو ہوگا اور پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں 14 میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 3 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ 20 فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

ڈیٹا بیس کے مربوط نظام کی بدولت احساس پروگرام سے کرپشن ختم ہوئی، وزیراعظم

’خلیل الرحمان قمر کو نوبیل انعام دیا جائے‘

بلاول کا ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا مشورہ