ہاروی وائنسٹن کے خلاف مزید 2 خواتین جیوری کے سامنے پیش
بدنام زمانہ ہولی وڈ پروڈیوسر 67 سالہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف ’ریپ‘ اور خواتین کے جنسی استحصال کی سماعت کے لیے 12 رکنی جیوری کے سامنے مزید 2 خواتین پیش ہوگئیں۔
نیویارک کی عدالت کی جانب سے 19 جنوری 2020 کو بنائی گئی جیوری میں اب تک 4 خواتین پیش ہو کر اپنے بیان ریکارڈ کرواچکی ہیں جب کہ آئندہ چند دن میں مزید 2 خواتین پیش ہوں گی۔
جیوری کے سامنے مجموعی طور پر 6 خواتین پیش ہوں گی جن میں سے 4 خواتین پیش ہوکر اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکی ہیں۔
اب تک جیوری کے سامنے اداکارہ و ماڈل ڈان ڈننگ، ماڈل ترالے وولف، ماڈل و اداکارہ مریم ہیلی اور اداکارہ اینابیلا شیورہ پیش ہو چکی ہیں جب کہ آنے والے چند دن میں اداکارہ و ماڈل لورین ینگ اور میک اپ آرٹسٹ، ہیئر ڈریسر و اداکارہ جیسیکا من پیش ہوں گی۔
جیوری کے سامنے پیش ہونے والی 6 خواتین میں سے 4 خواتین صرف فلم پروڈیوسر کی جانب سے کی جانے والی زیادتی کے واقعات بیان کرنے کے لیے جیوری کے سامنے پیش ہوں گی تاہم ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ہاروی وائنسٹن کے خلاف فوجداری کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کے ’ریپ‘ ٹرائل کے لیے جیوری منتخب
جیوری کے سامنے پیش ہونے والی صرف 2 خواتین کے الزامات پر ہی ہاروی وائنسٹن کے خلاف فوجداری کارروائی ہوگی اور اگر ان پر مذکورہ دونوں الزام ثابت ہوگئے تو انہیں 28 سال قید سمیت جرمانے کی سزا سنائی جائے گی۔
جیوری کے سامنے سب سے پہلے 24 جنوری کو 59 سالہ اداکارہ اینابیلا شیورہ پیش ہوئی تھیں جنہوں نے جیوری کو بتایا تھا کہ فلم پروڈیوسر نے انہیں 1993 یا 1994 میں اپنے فلیٹ پر چلنے کی دعوت دی اور جب وہ وہاں پہنچیں تو فلم ساز نے ان پر جنسی حملہ کرکے انہیں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔