ڈرامے میں ’دو ٹکے کی لڑکی‘ کا ڈائیلاگ بولنے پر ہمایوں سعید عدالت میں طلب
رواں ماہ 25 جنوری کو اختتام کو پہنچنے والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں اگرچہ ڈرامے کے مرکزی کردار ہمایوں سعید دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے تھے اور پوری قوم نے ڈرامے میں ان کی موت پر سوشل میڈیا پر طرح طرح کی میمز بنائی تھیں۔
تاہم اب عدالت نے ’دانش‘ کا کردار نبھانے والے ہمایوں سعید کو ’میرے پاس تم ہو‘ میں خواتین کی تضحیک کرنے والے ڈائیلاگ بولنے پر طلب کرلیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے خاتون ثناء سلیم کی درخواست پر نہ صرف ہمایوں سعید بلکہ ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کو بھی طلب کرلیا اور ساتھ ہی عدالت نے پیمرا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو آئندہ ماہ 13 فروری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں ثنا سلیم نامی خاتون کی جانب سے وکلا نے درخواست دائر کی تھی کہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں خواتین کو منفی انداز میں دکھایا گیا اور ڈرامے میں خواتین کے حوالے سے غلط ڈائیلاگ بولے گئے۔
خاتون کی درخواست پر 29 جنوری کو سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی تھی جس میں خاتون کے وکلا سمیت پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور نجی ٹی وی چینل اے آر وائے کے وکلا بھی پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: میرے پاس تم ہو! ‘دانش جانتا تھا سکون صرف قبر میں ہے’
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈرامے کے خلا ف لاہور کی عدالت میں بھی درخواست دائر کی گئی تھی اور کیا درخواست گزار کو ڈرامے کی محض قسط نمبر 21 یا آخری قسط پر اعتراض ہے؟
عدالت کے استفسار پر خاتون کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ڈرامے میں عورت کی کردار کشی کی گئی، درخواست کا مطلب کسی ایک قسط پر اعتراض نہیں اور نہ ہی درخواست گزار حکم امتناع لینا چاہتے ہیں بلکہ درخواست گزار ڈرامے کے اسکرپٹ کے خلاف ہیں۔