پشاور میں مقیم شاہ رخ خان کی کزن انتقال کر گئیں
بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی 54 سالہ کزن نورجہاں طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی کزن 54 سالہ نورجہاں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔
نورجہاں کو ’منی‘ بھی کہا جاتا تھا، وہ شاہ رخ خان کے چچا کی بیٹی تھیں اور دونوں کے درمیان تین سے چار بار ملاقات بھی ہوچکی تھی۔
نورجہاں 2018 میں اس وقت اچانک خبروں میں آگئی تھیں جب انہوں نے ڈان نیوز ویب سائٹ کو ایک انٹرویو کے دوران پشاور سے انتخابات لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
نورجہاں نے ڈان کو بتایا تھا کہ شاہ رخ خان ان کے سگے کزن ہیں جو ان کے چچا تاج محمد کے بیٹے ہیں جو پشاور سے پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں متحدہ ہندوستان کے وقت دہلی منتقل ہوئے تھے اور اس دوران برصغیر کی تقسیم ہوگئی تو وہ وہیں رہ گئے۔