ہاروی وائنسٹن کے خلاف دوسری خاتون بھی جیوری کے سامنے پیش
امریکی شہر نیویارک کی عدالت نے رواں ماہ 19 جنوری کو ہولی وڈ پروڈیوسر 67 سالہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف ’ریپ‘ اور خواتین کے جنسی استحصال کی سماعت کے لیے 12 رکنی جیوری کو منتخب کیا تھا۔
7 مرد اور 5 خواتین پر مشتمل جیوری ہاروی وائنسٹن کے خلاف ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کے الزامات لگانے والی خواتین سے جرح کے بعد فلم پروڈیوسر کے خلاف فیصلہ دے گی۔
عدالت نے مذکورہ جیوری اس وقت بنائی تھی جب ہاروی وائنسٹن نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کیا اور دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے جو بھی کیا وہ خواتین کی باہمی رضامندی سے کیا۔
عدالت میں فرد جرم کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد عدالت نے جیوری منتخب کرکے ان پر الزام لگانے والی خواتین سے جرح کرنے کا حکم دیا اور اس جیوری میں اب تک 2 خواتین پیش ہوچکی ہیں۔
جیوری کے سامنے پہلی خاتون 59 سالہ امریکی اداکارہ اینابیلا شیورہ 24 جنوری کو پیش ہوئی تھی جنہوں نے جیوری کو بتایا کہ کس طرح ہاروی وائنسٹن نے انہیں 25 سال قبل 1993 سے 1994 کے درمیان انہیں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔