چین: کورونا وائرس سے ہلاکتیں 106 ہوگئیں، متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی
چین میں عالمی تشویش کا سبب بننے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے ہلاکتوں کی تعداد 106 تک پہنچ گئیں جبکہ صرف چین میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہزار 515 تک پہنچ گئی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور دیگر ممالک نے وبا کے مرکز بننے والے شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کی تیاری کرلی۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت سامنے آئی جبکہ صوبہ ہوبے مزید 24 افراد ہلاک ہوگئے۔
وائرس کے متوقع عالمی معاشی اثرات کے خدشات کے پیشِ نظر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا شکار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کا حکومتِ پاکستان سے مدد کا مطالبہ
علاوہ ازیں ووہان میں موجود امریکی قونصل خانے نے اپنے سفارتی اہلکاروں اور دیگر امریکی شہریوں کو چین سے نکالنے کی تیاری شروع کردی اس کے علاوہ جاپان، منگولیا، فرانس اور دیگر ممالک نے بھی انخلا کا منصوبہ بنایا ہے۔