چین میں موجود تمام پاکستانی کورونا وائرس سے محفوظ ہیں، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ چین کے شہر ووہان میں رہائش پذیر 500 سے زائد طلبا سمیت تمام پاکستانی کورونا وائرس سے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
کورونا وائرس سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں رواں ماہ پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک چین میں 56 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد اس کا شکار ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: انسان سے انسان میں منتقل ہونے والے کورونا وائرس کے پھیلنے کی تصدیق
اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اب تک چین میں موجود کسی بھی پاکستانی کے انفیکشن سے متاثر ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، چین میں مقیم پاکستانیوں کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ چین میں موجود پاکستانی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گھر میں رہیں اور گھروں سے غیرضروری طور پر باہر نہ نکلیں جبکہ چینی حکام کی جانب سے صحت کے سلسلے میں دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ ووہان سے کورونا وائرس پھیلنے کے بعد دفتر خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارتخانہ صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے جبکہ چین میں پاکستانی سفارتخانہ اور دیگر شہروں میں سفارتی مشن چین میں مقیم پاکستانیوں اور چینی حکام سے مستقل رابطے میں ہیں اور موجودہ صورتحال میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔