اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کی گاڑی اور کار میں تصادم، خاتون ہلاک
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی گاڑی اور کار کے تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ مارگلہ روڈ پر فیصل چوک کے پاس پیش آیا جس میں نازیہ بی بی نامی خاتون دم توڑ گئیں۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ امریکی سفارت خانے کی گاڑی نے مخالف سمت سے آنے والی کار کو ٹکر ماری۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے دو افراد زخمی
حادثہ مبینہ طور پر ٹریفک سگنل توڑنے کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں متاثرہ کار میں موجود ایک بچی بھی زخمی ہوئی جس کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی چلانے والے پاکستانی ڈرائیور امجد زمان کو گرفتار کرلیا اور واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی۔
علاوہ ازیں پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی تحویل میں لی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ 'مشتبہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی'۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کے بیٹے اسامہ خالق کی شکایت پر ایف آئی آر درج ہوئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ متاثرہ خاندان آبائی گاؤں کوہالہ ہری پور میں جنازے میں شرکت کے لیے جارہا تھا۔
اسامہ نے ایف آئی آر میں بتایا کہ واقعہ 10 بجکر 10 منٹ پر پیش آیا اور ایک سفید لینڈ کروزر کار 'انتہائی لاپرواہی اور تیزرفتاری کے ساتھ' کار سے ٹکرائی۔
ایف آئی آر کے مطابق کار میں اسامہ کے والدین، کزن شکیل ان کی اہلیہ نبیلہ اور ان کے دو بچوں سوار تھے۔
بتایا گیا کہ شکیل ڈرائیورنگ کررہا تھا۔
علاوہ ازیں شکایت کنندہ نے لینڈ کروزر کے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی سفارتکار یا اس کی گاڑی سے کوئی حادثہ پیش آیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی قونصل خانے کی گاڑی کی ٹکر سے پاک بحریہ کا ملازم زخمی
2018 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔
گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
سفارتی استثنی کی وجہ سے پاکستان نے امریکی ملٹری اتاشی کو گرفتار نہیں کیا تھا لیکن دفتر خارجہ میں امریکی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا۔
اسی سال اپریل میں ہی اسلام آباد میں اس طرح کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جب امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی گاڑی نے تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔
مزیدپڑھیں: پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج ریکارڈ
تاہم اس سلسلے میں سب سے اہم واقعہ 2011 میں پیش آیا تھا جب لاہور میں امریکی قونصل خانے سے منسلک سیکیورٹی اہلکار ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کرکے 2 پاکستانی نوجوانوں کو قتل کر دیا تھا جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی تھی۔
تاہم انہیں کچھ روز تک حراست میں رکھا گیا تھا بعد ازاں معاملات کو طے کر کے انہیں رہائی دلائی گئی تھی۔