دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی
سال نو کے آغاز پر چین سے شروع ہونے والے خطرناک ’کورونا‘ وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار سے زائد ہوگئی اور سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق چین سے ہے۔
’کورونا‘ وائرس جنوری 2020 کے شروع میں چینی صوبے ہوبی کے سب سے بڑے شہر ووہان سے شروع ہوا تھا جہاں اب تک اس مرض میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
یہ مرض اگرچہ پہلی بار سامنے نہیں آیا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
کورونا وائرس ایک عام وائرل ہونے والا وائرس ہے جو عام طور پر ایسے جانوروں کو متاثر کرتا ہے جو بچوں کو دودھ پلاتے ہیں تاہم یہ وائرس سمندری مخلوق سمیت انسانوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسان سے انسان میں منتقل ہونے والے کورونا وائرس کے پھیلنے کی تصدیق
اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔