مہوش حیات کی ٹوئٹ،حکومت نے کراچی ایئرپورٹ کے واش رومز میں گندگی کا نوٹس لے لیا
اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خواتین کے واش رومز میں گندگی اور تعفن کے حوالے سے کی جانے والی ٹوئٹ پر حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو سامنے لانے پر اداکارہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایئرپورٹ پر خواتین کا واش روم استعمال کیا تو وہاں انہوں نے گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
مہوش حیات نے 24 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ’بدقسمتی سے انہیں کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے بیت الخلا استعمال کرنے کا اتفاق ہوا اور وہ خواتین واش روم میں گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید حیران رہ گئیں‘۔
اداکارہ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے خواتین کے واش روم میں انتہائی گندگی اور بدبو کا سامنا کیا اور تو اور انہیں وہاں کاکروچ بھی دکھائی دیے۔
مہوش حیات نے خواتین کے واش رومز کی خراب حالت کے حوالے سے لکھا کہ ’یہ عمل نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اس عمل سے ہم بیرون ملک سے آنے والے افراد کو پہلا تاثر بھی غلط دے رہے ہیں‘۔