'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط پر پابندی؟ عدالت کا فیصلہ سامنے آگیا
دنیا بھر میں مقبول ہونے والے پاکستانی ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری ڈبل قسط آج رات ٹی وی کے ساتھ ساتھ سینما گھروں میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کا اس حد تک چرچا ہے کہ مداح میمز اور متعدد تصاویر کے ذریعے اس کی آخری قسط دیکھنے کے لیے بے چین ہیں جبکہ متعدد جگہ اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ جہاں 'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کو مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا وہیں خواتین کی بڑی تعداد نے اس کے خلاف آواز بھی اٹھائی جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اس ڈرامے کی آخری قسط پر پابندی لگوانے کے لیے عدالت تک پہنچ گئیں تھیں۔
مزید پڑھیں: ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط رکوانے کیلئے خاتون عدالت پہنچ گئیں
لاہور سے تعلق رکھنے والی ماہم جمشید نامی خاتون نے اپنے وکیل کے توسط سے سول کورٹ میں ڈرامے کی آخری قسط کو نشر ہونے سے روکنے کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر اب عدالت کا فیصلہ سامنے آگیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ماہم جمشید کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ آخری قسط آج ہی نشر ہوگی۔