دسترخوان

چند روپے کے لیموں کے فوائد دنگ کردیں گے

لیموں ایک ایسی چیز ہے جو گھروں میں بہت عام استعمال ہوتی ہے مگر صحت کے لیے کتنا مفید ہے، یہ جانتے ہیں؟

لیموں ایک ایسی چیز ہے جو گھروں میں بہت عام استعمال ہوتی ہے اس کے چھلکوں، عرق اور دیگر میں متعدد طبی فوائد بھی پائے جاتے ہیں۔

وٹامن سی سے بھرپور ہونے کے باعث اسے متعدد فوائد کا حامل مانا جاتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے یہ متعدد امراض سے تحفظ دینے کے لیے بھی مفید ہے؟

آپ اس کا عرق پانی میں شامل کردیں یا کسی کھانے پر چھڑک دیں، اس کا ترش ذائقہ وہ تمام وٹامنز اور منرلز فراہم کرتا ہے جو دیگر ترش پھلوں میں موجود ہوتے ہیں اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس میں مٹھاس بہت کم ہوتی ہے۔

چند روپے کے لیموں کے فوائد جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

جھریاں آپ سے دور رکھے

یہ سب کمال وٹامن سی کا ہے جو ہمارا جسم خود نہیں بناسکتا، تو اسے غذا سے ہی حاصل کیا جاتا ہے، یہ ایک پروٹین کولیگن بنانے میں مدد دیتا ہے جو جلد کو لچکدار رکھتا ہے، اس کی کمی کے نتیجے میں جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں، یقیناً یہ عمر میں اضافے کا قدرتی نتیجہ بھی ہوتا ہے تاہم درست وٹامنز اور غذائیت سے آپ اس عمل کو سست کرسکتے ہیں۔

سانس کی بو دور کرے

لیموں کی مہک سانس سے ناگوار بو کو دور کردیتی ہے اور درحقیقت یہ اس مسئلے کا بہت آسان حل ہے، اس مقصد کے لیے آپ ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک لیموں کے عرق سے کئی بار کلیاں کریں۔

جسمانی توانائی فراہم کرے

تھائی اے مین اور ریبوفلوین بی وٹامنز کا حصہ ہوتے ہیں جو غذا کو جسمانی توانائی میں بدلنے میں مدد دیتے ہیں، اس کے علاوہ یہ خلیات کی نشوونما اور کام کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں، ایک لیموں آپ کو وہ جسمانی توانائی فراہم کرسکتا ہے، جس کی آپ کو ہر روز ضرورت ہوتی ہے۔

اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرے

وٹامن سی، فلیونوئڈز، فینولک ایسڈز، آئلز اور کورین لیموں میں موجود ہوتے ہیں اور یہ سب مل کر اینٹی آکسائیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہیں اور نقصان دہ فری ریڈیکلز کے خلاف لڑتے ہیں جو خلیات کو نقصان پہنچا کر سنگین امراض اور دیگر طبی مسائل کا باعث بنتے ہیں۔

حاملہ خواتین کے لیے مفید

لیموں میں ایک بی وٹامن فولک ایسڈ یا فولیٹ کی کچھ مقدار ہوتی ہے جو ماں کے پیٹ میں موجود بچے کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ خلیات فولک ایسڈ کو استعمال کرکے مزید خلیات میں تقسیم ہوجاتے ہیں جبکہ یہ ایسا جینیاتی مواد بھی تیار کرتے ہیں جو بچے کے خلیات کو بتاتا ہے کہ کس طرح جسم کو بنانا چاہیے۔

خطرناک جراثیموں کا خاتمہ

تیزابیت کی موجودگی کی وجہ سے لیموں سالمونیلا بیکٹریا کو مارنے میں مدد دیتے ہیں جو آپ کی غذا، گوشت کاٹنے کے بورڈ یا کچن کاﺅنٹر پر ہوتے ہیں، جس سے امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔

بلڈ پریشر میں کمی

لیموں کو پانی میں ملا کر پینا اور اس کے چھلکے اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، کچھ مقدار میں لیموں کا عرق پانی میں ملا کر چہل قدمی سے پہلے اور بعد میں پی لیں، اگر ادویات استعمال کرتے ہیں تو ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں کیونکہ ترش ذائقہ ان کے اثر میں مداخلت کرسکتا ہے۔

کینسر کی روک تھام

اگرچہ اس حوالے سے شواہد موجود نہیں کہ لیموں کینسر سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں، مگر ان میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس ممکنہ طور پر کینسر سے بچانے میں مدد دے سکتے ہیں، خصوصاً جگر، ہڈیوں، معدے، بریسٹ اور قولون کینسر سے بچانے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔

دل کو صحت مند بنائے

لیموں میں موجود فلیونوئڈز امراض قلب کا خطرہ کم کرتے ہیں، کیونکہ یہ چکنائی اور شکر کو خون سے دور رکھنے میں مدد دیتے ہیں، شکر اور چکنائی دونوں کی مقدار میں بہت زیادہ ہونا خون کی شریانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

ذہنی صحت بہتر کرے

لیموں میں ایسے خصوصی کیمیکلز ہوتے ہیں جو دماغی خلیات کو جسم میں موجود زہریلے مواد سے بچانے میں مدد دیتے ہیں، اس کے علاوہ وہ خلیات کی توڑ پھوڑ اور ورم سے بھی تحفظ فراہم کرسکتے ہیں، جس سے مختلف دماغی امراض جیسے پارکنسن اور الزائمر کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

مسوڑے صحت مند بنائے

سوجن کے شکار، خون نکلنے اور دانت ہلنے جیسے مسائل بہت عام ہوتے ہیں اور تمباکو نوشی، عمر میں اضافے وغیرہ سے ان کا خطرہ بڑھتا ہے، تو لیموں ان سے بچاﺅ میں مدد دے سکتا ہے جس کی وجہ اس میں وٹامن سی کی موجودگی ہے، مگر یہ ذہن میں رہے کہ اس میں موجود سیٹرک ایسڈ دانتوں کی سطح کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، تو اس ایسڈ والی چیز کھانے یا پینے کے بعد دانتوں کو 30 منٹ تک برش نہ کریں۔

موسمی نزلہ زکام سے نجات

ویسے تو وٹامن سی موسمی نزلہ زکام کی روک تھام نہیں کرسکتا مگر لیموں کے ذریعے اس وٹامن سی کو جزوبدن بنانا جسمانی مدافعتی نظام کو بہت مضبوط بناتا ہے، نزلے کی پہلی علامت کے ساتھ ہی اس کا استعمال جلد صحت یاب ہونے میں مدد دے سکتا ہے۔

کولیسٹرول کی سطح بہتر کرے

لہسن اور لیموں کے جوس کے مکسچر کا روزانہ استعمال ہائی کولیسٹرول کے شکار افراد کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے، کولیسٹرول کی سطح میں اضافے سے شریانوں کے اکڑنے کا خطرہ بڑھتا ہے، جس سے امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

لیموں میں موجود پولی فینولز ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی وزن اور چربی کو بڑھنے سے روکنے میں مدد دے سکتے ہیں، طبی ماہرین کے خیال میں پولی فینولز سے جسم چربی اور انسولین کے حوالے سے بہتر ردعمل ظاہر کرتا ہے، تاہم اس حوالے سے انسانوں پر کوئی تحقیق نہیں ہوئی۔

گردوں کی پتھری کی روک تھام

گردوں کی پتھری انتہائی تکلیف دہ مرض ہوتا ہے جو جسم میں منرلز کے اجتماع کا نتیجہ ہوتے ہیں، لیموں اور دیگر ترش پھلوں میں موجود citrates اس اجتماع کو روکنے میں مدد دے سکتے ہیں، جس سے گردوں میں پتھری کا امکان کم ہوتا ہے۔

لیموں کے چھلکوں کے یہ فوائد جانتے ہیں؟

شہد اور لیموں کا امتزاج صحت کے لیے کتنا فائدہ مند؟

لیموں کو سرہانے رکھ کر سونا صحت کے لیے فائدہ مند