شاہی حیثیت سے علیحدگی کے بعد شہزادہ ہیری اہل خانہ سمیت کینیڈا منتقل
شہزادہ ہیری نے 13جنوری کو شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور 19 جنوری کو شاہی محل نے ان کے الگ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
شاہی حیثیت سے علیحدگی کے چند دن بعد ہی شہزادہ ہیری مستقل طور پر رہائش کے لیے کینیڈا پہنچ گئے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کس حیثیت میں مستقل طور پر وہاں رہائش اختیار کریں گے۔
شہزادہ ہیری کی اہلیہ سابق اداکارہ میگھن مارکل اور ان کا شیر خوار بیٹا آرچی پہلے ہی کینیڈا میں موجود ہیں۔
شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ اور بیٹے سمیت گزشتہ ماہ دسمبر میں کرسمس سے قبل کینیڈا منتقل ہوگئے تھے اور ان کی اہلیہ اور بیٹا ابھی تک وہیں موجود ہیں تاہم شہزادہ ہیری خود شاہی حیثیت سے علیحدگی کے معاملات حل کرنے کے لیے برطانیہ آئے تھے۔
کینیڈین نشریاتی ادارے ’گلوبل نیوز‘ کے مطابق شہزادہ ہیری شاہی حیثیت سے دستبرداری کے تمام معاملات 19 جنوری 2020 کے طے کرنے کے بعد 21 جنوری کو کینیڈا پہنچے۔