سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کی 'جادوئی' الماری اب صارفین کے لیے دستیاب

سام سنگ کو ویسے تو اسمار ٹ فونز یا فریج وغیرہ کے لیے زیادہ جانا جاتا ہے مگر اس کی نئی ڈیوائس کسی جادو سے کم نہیں۔

اگر تو آپ کو کپڑے دھونے میں تکلیف ہوتی ہے تو اب یہ کوئی مسئلہ نہیں درحقیقت آپ کی 'الماری' ہی اب یہ کام کرے گی۔

جی ہاں جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کو ویسے تو اسمار ٹ فونز، ٹیلی ویژن یا فریج وغیرہ کے لیے زیادہ جانا جاتا ہے مگر اس کی نئی ڈیوائس کسی جادو سے کم نہیں۔

درحقیقت سام سنگ کی یہ جادوئی الماری واشنگ مشین اور ڈرائیر جیسی مشینوں کو آڑے ہاتھوں لے گی۔

ائیر ڈریسر نامی یہ انوکھی ڈیوائس گزشتہ سال ستمبر میں برلن میں ہونے والی آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرائی گئی تھی مگر اب اسے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

ائیرڈریسر میںکپڑوں کو سرف یا دیگر کیمیکلز کے بغیر ہی صاف کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خراب استری کو بھی ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔

یہ بنیادی طور پر ایل جی اسٹائلر سے ملتی جلتی الماری ہے جو گھر میں کپڑوں کی ڈرائی کلیننگ میں مدد دیتی ہے۔

بس اپنے کپڑوں کو اس الماری کے اندر لٹکائیں اور پھر اسٹیمنگ یا ہیٹنگ سسٹم سے ان کو صاف کرلیں۔

ائیر ڈریسر میں ایک جیٹ ائیر سسٹم اور ائیر ہینگرز سپورٹ موجود ہے جو کپڑوں میں جمع ہونے والی گرد کو تیز ہوا کے ذریعے نکال دیتے ہیں، جبکہ جیٹ اسٹیم سسٹم کپڑوں کی صفائی کا کام کرکے ڈرائی کلین کردیتا ہے۔

اس الماری میں ایک ایسا فلٹر بھی ہے جو کپڑوں میں موجود بو کو ختم کرکے انہیں خوشبودار بناتا ہے۔

کمپنی کے مطابق زیادہ درجہ حرارت والے دھویں کو استعمال کرکے اس میں کپڑوں کو جراثیموں سے پاک بھی کیا جاسکتا ہے، جبکہ اسے گھر میں کسی بھی جگہ رکھ کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کی مدد سے 4 وائرسز کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جن میں فلو اور herpes بھی شامل ہیں۔

ائیرڈریسر کو برطانیہ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 2 ہزار پاﺅنڈز (4 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

مرسڈیز کی دنگ کردینے والی کانسیپٹ گاڑی

دنیا کا پہلا فولڈ ایبل لیپ ٹاپ

یہ کانسیپٹ اسمارٹ فون 'جادو' کرسکتا ہے