دھمکیوں کے بعد سرمد کھوسٹ کا ’زندگی تماشا‘ ریلیز نہ کرنے پر غور
فلم ساز سرمد کھوسٹ نے نامعلوم افراد کی جانب سے آن لائن دھمکیاں ملنے کے بعد اپنی آنے والی فلم ’زندگی تماشا‘ کو ریلیز نہ کرنے پر غور شروع کردیا۔
سرمد کھوسٹ نے پہلے ہی بتایا تھا کہ ان پر فلم کو ریلیز نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور انہیں جہاں دھمکیاں دی جارہی ہیں، وہیں ان کے خلاف تھانوں اور عدالتوں میں شکایتیں بھی درج کروائی جارہی ہیں۔
سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا جب کہ مذکورہ فلم کو بیرون ملک میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا جہاں اس فلم کو ایوارڈز بھی ملے۔
تاہم چند ہفتے قبل سرمد کھوسٹ نے اچانک یوٹیوب سے فلم کا ٹریلر ہٹاتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں اس لیے ٹریلر کو ہٹایا جا رہا ہے تاہم فلم کو 24 جنوری 2020 کو ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 'زندگی تماشا' کی ریلیز روکنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے، سرمد کھوسٹ
تاہم بعد ازاں سرمد کھوسٹ نے خود کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف کرتے ہوئے 17 جنوری کو صدر و وزیر اعظم کے نام کھلا خط لکھ کر ان سے مدد طلب کی تھی۔