پاکستان

کراچی: کاربے قابو ہو کر سمندر میں جاگری، 2 افراد جاں بحق

ڈیفنس فیز 8میں 55سالہ محمد افتخار، 20 سالہ نوجوان کو کار چلانا سکھا رہے تھے اسی دوران بے قابوہو کر سمندرمیں جاگری، پولیس

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہونے والی کار سمندر میں جاگری جس کے نتیجے میں کار سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

درخشاں پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 55 سالہ محمد افتخار اور 20 سالہ دانیال عزیز کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق محمد افتخار ڈیفنس فیز 8 میں ایک میدان میں دانیال عزیز کو کار چلانا سکھا رہے تھے جہاں کار ان کے قابو سے باہر ہوگئی اور سمندر میں جاگری۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: سی ویو کے قریب کار کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور رضاکار حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور دونوں افراد کو بچانے کی کوششیں کیں لیکن وہ ناکام ہوئے کیونکہ وہ کار کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔

سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ دونوں افراد کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افراد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 18 نومبر 2018 کو کراچی کے علاقے سی ویو میں کم عمر کار ڈرائیور نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں سوار 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:کراچی: کار حادثے میں رکن سندھ اسمبلی کا بیٹا ہلاک

ساحل پولیس کے افسر ہمراز کا کہنا تھا کہ خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے والا معیز عارف طالب علم ہے اور عمر صرف 17 برس ہے جبکہ ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 2 مارچ 2018 کو سابق صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی کے نوجوان بیٹے بھی کارحادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

ایس پی کلفٹن توقیر محمد نعیم نے ڈان کو بتایا تھا کہ روبینہ قائم خانی کا بیٹا ایک نوجوان کے ہمراہ پراڈو جیپ میں سوار تھا، جو ساحل سمندر کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث اچانک الٹ گئی جس کے نتیجے میں حمزہ قائم خانی جاں بحق اور افراسیاب زخمی ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ 11 جنوری 2020 کو نیو کراچی میں چلتی گاڑی میں آگ لگنے سے تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے تھے۔

امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

شاہی خاندان کے وہ مرد جو شادی کے بعد خاندان سے الگ ہوئے

یمن: ڈرون، میزائل حملوں میں 80 سے زائد فوجی ہلاک، درجنوں زخمی