ہاروی وائنسٹن کے ’ریپ‘ ٹرائل کے لیے جیوری منتخب
ہولی وڈ کے بدنام زمانہ اور کم سے کم 100 خواتین کے جنسی ہراسانی، جنسی استحصال اور ’ریپ‘ کے الزامات پر کیسز کا سامنا کرنے والے پروڈیوسر 67 سالہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف ’ریپ‘ کے اہم ترین کیس کا ٹرائل کرنے کے لیے 12 رکنی جیوری کا انتخاب کرلیا گیا۔
جیوری کا انتخاب نیویارک کی عدالت نے کیا اور ارکان میں 7 مرد اور 5 خواتین کو شامل کیا گیا ہے جب کہ تین اضافی ارکان کو بھی منتخب کیا گیا ہے جنہیں اس وقت جیوری کا حصہ بنایا جائے گا جب جیوری کے 12 ارکان میں سے کوئی بھی رکن غیر جانبدار فیصلہ کرنے میں ناکام ہوگا۔
نیویارک کی عدالت نے مذکورہ جیوری اس وقت بنانے کا فیصلہ کیا جب ہاروی وائنسٹن نے عدالت میں اپنے خلاف لگے ’ریپ‘ اور جنسی استحصال کے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔
کسی بھی ملزم کی جانب سے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد امریکی قوانین کے تحت عدالتیں خصوصی جیوری کا قیام کرتی ہیں اور ملزم مذکورہ جیوری کے سامنے یہ ثابت کرتا ہے کہ اس نے الزامات کو کیوں ماننے سے انکار کیا اور اس کے خلاف لگائے گئے الزامات جھوٹے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جی جی حدید کو ہاروی وائنسٹن ’ریپ‘ کیس کی جیوری میں شمولیت کی دعوت
اب ہاروی وائنسٹن بھی جیوری کے ارکان کے سامنے اس بات کو ثابت کریں گے کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات جھوٹے تھے اور اگر وہ یہ ثابت نہ کرپائے تو ان پر جرم عائد کرکے انہیں سزا سنائی جائے گی اور انہیں کم سے کم 28 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔