ایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہے، جلد خوشخبری ملے گی، پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے مذاکرات کے بعد کہا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور جلد خوشخبری مل جائے گی۔
بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر میں مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ‘ایم کیو ایم ہمارے اتحادی تھے اور رہیں گے، جلد ہی خوشخبری ملے گی اور کبھی جدا نہیں ہوں گے، اس حوالے سے تھوڑی بہت غلط فہمیاں پیدا ہوگئی تھیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘آج خوش اسلوبی سے ہماری گفتگو ہوئی، جو مسائل تھے وہ بھی زیر بحث آئے اور بہت نزدیک ہم پہنچ گئے، میں پوری وفد کی صورت میں انہیں یقین دلانے آیا ہوں اور اسلام آباد میں جلد مل رہے، جو کام اور کمی رہ گئی ہے انشااللہ اس کو پورا کریں گے’۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ ہمارے یہاں آنے کو یہ قبول کریں گے اور ہم ان کو واپس آنے کی دعوت بھی دیں گے اور اس کا فیصلہ یہ خود کریں گے کیونکہ کچھ مسائل ہیں جن کو زیر بحث لانا ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ ایسا کوئی بڑا مسئلہ رہا نہیں ہے، چھوٹی چھوٹی باتیں بھی حل ہوجائیں گی’۔
مزید پڑھیں: خالد مقبول صدیقی کا وزارت آئی ٹی چھوڑنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ ‘میں سارے ملک کو یاد دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ سارے اتحادیوں سے ہم بات کرچکے ہیں، کوئی بھی ہمیں چھوڑ کر نہیں جارہا ہے، ہم اکٹھے رہیں اور 5 سال اکٹھے گزاریں گے’۔
بات چیت میں واضح پیش رفت ہوئی، خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ‘ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت بنی تھی تو غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا اور پچھلے دنوں جب پریس کانفرنس کی تو ہم نے اس وعدے کا اعادہ کیا تھا اور تمام مسائل سے ان کو آگاہ بھی کیا تھا’۔